”وکٹ سے وکٹ تک“ معروف برطانوی ادیب اور تبصرہ نگار پیٹر اوبورن کی شہرہ آفاق کتاب Wounded Tiger, A History of Pakistan Cricket کا اردو ترجمہ ہے جسے 2014ءمیں کرکٹ پر سال کی بہترین کتاب ہونے پر وِزڈن انعام حاصل ہوا۔پیٹر اوبورن، پاکستان اور اس کی کرکٹ کے زبردست مداح اور حامی ہیں۔ یہ حقائق پر مبنی پاکستان کرکٹ کی متنازع تاریخ پر پس پردہ واقعات سے بھرپور دھماکا خیز کتاب ہے۔پاکستان کی کرکٹ ٹیم تقسیم ِبرصغیر کے بعد افراتفری کے دَور میں مرتب ہوئی۔ ابتدائی طور پر پاکستانی ٹیم منتشر ہونے کے ساتھ ساتھ کمزور اورمالی طور پر غیرمستحکم تھی مگر وہ بتدریج ترقی کرتے ہوئے دنیائے کرکٹ کی اہم طاقت بن کر ابھری۔کرکٹ ٹیم کی کامیابیوں نے پاکستان کو دنیا میں مرتبہ ومقام حاصل کرنے میں مدددی۔ دفاعی حالات میں جرا¿ت مندی اور مزاحمت میں شکست دینے کی کوشش میں اے ایچ کاردار، فضل محمود، حنیف محمد، امتیاز احمد، ماجد خان، جاوید میاںداد، عبدالقادر، وسیم اکرم اور عمران خان جیسے کھلاڑیوں کا مقام نمایاں ہے۔پاکستان کرکٹ کی داستان فتوحات، حادثات اور المناک واقعات سے بھرپور ہے۔ اس کے علاوہ میچوں میں بے ایمانی اور جوئے کے رحجان سے مزید بدنامی ہوئی۔ 2009ءسے شدت پسندی کے خوف نے پاکستان کی بین الاقوامی کرکٹ کو جلاوطنی میں دھکیل دیا۔ کوئی نہیں جانتا کہ وہ کھیل کب واپس وطن لوٹ سکے گا۔ مگر پیٹر اوبورن کی تحریر اُمید سے بھرپور ہے۔ اُس کا بیان یہ ثابت کرتا ہے کہ وہ کرکٹ جو صرف کراچی اور لاہور کے عظیم شہروں تک محدود تھی، اب پورے ملک سے کھلاڑی اور مداح پیدا کررہی ہے۔ پاکستانی خواتین کی کرکٹ کی دل کو گرما دینے والی کہانی بھی بیان کی گئی ہے جو آج وہ بھی کھیل کی دنیا میں طاقت بن چکی ہے۔ اپنے تمام مصائب کے باوجود کرکٹ پاکستانیوں کو اعلیٰ کارکردگی اور اپنے آپ کو متعارف کروانے کا موقع دیتی ہے جس سے انہیں اپنی پہچان کا احساس ہوتا ہے اور اپنے ملک پر فخر کرنے کا شعور ملتا ہے۔کرکٹ کے اعلیٰ حکام اور سابق کھلاڑیوں کی یادوں سے بھرپور یہ کہانی سیاسی، سماجی اور ثقافتی گہرائیوں تک پہنچتی ہے۔ پاکستان کرکٹ پر یہ کتاب ایک قوم اور اس کے پسندیدہ کھیل پر مکمل اور جامع مطالعہ ہے۔