ڈاکٹر فیدورکرووکن تاریخ نویسی میں منفرد مقام کے حامل ایک نامور سوویت تاریخ دان ہیں۔ ”تاریخ عالم“ ان کی تصنیف "Short History of the World"کا اردو ترجمہ ہے ، جو ایک انتہائی اہم تصنیف ہے۔ کتاب میں پوری کوشش کی گئی ہے کہ تاریخ نویسی اور اس کا مفہوم ایسے انداز میں بیان کیا جائے کہ اپنی حقیقی روح کے ساتھ قارئین تک پہنچ سکے۔ کتاب میں دنیا کے تاریخ ساز واقعات کو ایک ترتیب میں پیش کیا گیا ہے۔ ہزاروں سال پر پھیلی انسانی تاریخ کو اس کتاب میں سائینٹفک انداز میں تحریر کیا گیا ہے۔ اس میں حتّی، سمیری، چینی، ہندی، مصری، یونانی، عربی کے علاوہ دنیا بھر کی ثقافتی اینتھروپولجیز کا جائزہ لیا گیا ہے۔ یہ تاریخ کو سمجھنے کے لیے ایک اہم معاون کتاب ہے جس میں معاشرتی ارتقا کے قوانین اور مسلمہ اصول دریافت کیے گئے ہیں۔
میاں محمد جہانگیرایڈووکیٹ مرحوم نے اس کتاب کا اردو ترجمہ کر کے اردو قارئین کو بین الاقوامی تہذیبوں، سیاسی، سماجی، ثقافتی اور عسکری ماضی سے متعارف کروا یا ہے۔ انہوں نے انسانی تاریخ کے ابواب کو ہمارے سامنے اسی طرح بے نقاب کیا ہے جیسے انہوں نے حکمران طبقات کے سامنے جدوجہد کرتے ہوئے پاکستان سماج کے طبقاتی تضادات کا پردہ چاک کیا۔