پرجوش زندگی گزاریں
Purjosh Zindagy Guzarain book | پرجوش زندگی گزاریں
Purjosh Zindagy Guzarain book | پرجوش زندگی گزاریں
:تعارف
’’ پر جوش زندگی گزاریں ‘‘ ایک ایسی منفرد کتاب ہے جو آپ کو مثبت سوچ کے متعلق آگاہ کرے گی اور آپ کو عمل پر اکسائے گی۔ یہ کتاب اپنی غلطیوں سے سیکھنے میں آپ کی رہنمائی کرے گی اور بتائے گی کہ کیسے جوش و جذبہ آپ کے لئے حیران کن کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے یہ کتاب آپ میں اعتماد پیدا کرے گی اور ڈپریشن اور تھکاوٹ سے نجات پانے میں آپ کی مدد کرے گی۔ یہ ایک ایسی کتاب ہے، جس کے صرف چند صفحات پڑھنے سے آپ اپنے آپ میں واضح مثبت تبدیلی محسوس کریں گے۔
ایک گراں قدر نعمت ہے
زندگی میں ’’زندگی‘‘ کا ہونا ایک گراں قدر نعمت ہے‘ جو کہ معدودے چند لوگوں کو ہی میسر ہے۔ یہ کتاب زندگی میں’’زندگی‘‘ انڈیلنے سے متعلق ہے، جسے ڈاکٹرنورمن ونسنٹ پیل نے تحریر کیا ہے، نورمن ونسنٹ پیل ایک مشہورِ زمانہ مذہبی سکالر ہے‘ جو کہ روزمرہ کے معاملات میں بائبل سے حوالے دیتے ہوئے لوگوں کو زندگی کی طرف بلاتا ہے۔ چونکہ بائبل میں بھی پیغام الٰہی ہے اور تمام الہامی کتابوں میں زندگی کی رہنمائی کی الٰہی بصیرت موجود ہے‘ اس لیے اس بات میں کوئی مضائقہ نہیں کہ ان کی تعلیمات سے استفادہ کیا جائے۔ حضرت علی ؓ کا قول ہے کہ علم مومن کی گمشدہ میراث ہے، جہاں سے ملے، اسے لے لینا چاہیے۔
ڈاکٹرنورمن نے مذہبی عقیدے کی پختگی اور جدید سائنس کی بصیرت کو اس کتاب میں یکجا کردیا ہے اور پُر جوش زندگی گزارنے اور تمام زندگی مسرت آمیز زندگی گزارنے کے لئے اہم اور قابل عمل نصیحتیں پیش کی ہیں ۔
:کتاب میں اﷲ پر ایمان پرزور
کتاب میں اﷲ پر ایمان پرزور دیا گیا ہے۔اگرچہ تمام مسلمان بلا شک و شبہ اﷲ پر ایمان رکھتے ہیں‘ لیکن اکثر اوقات یہ ایمان صرف زبانی کلامی ہوتا ہے‘ اورانھیں اﷲ تعالیٰ کی طرف سے عطا کردہ یہ بیش بہا زندگی ایک عذاب کی مانند نظر آتی ہے۔اﷲ پر پختہ اور سچا اعتماد کرنے سے‘ ہمیں اس زندگی میں خوبصورتی اور رنگینیاں نظر آئیں گی۔مصنف مختلف مثالوں اور حوالوں سے ہمیں زندگی میں درپیش مسائل سے نمٹنے کے طریقے بتاتا ہے۔
اﷲ کی ذاتِ قادر پر اعتماد انسان کو تمام تر مشکلات سے آزاد کرتا ہے۔ جب ایک انسان اپنی تمام تر مشکلات کو اﷲ کی ذات کے سپرد کرتا ہے تواسے ایک غیبی سکون میسر ہوتا اور اس کی بیمار روح صحت مند ہونا شروع ہوجاتی ہے۔
صحت یابی کی جانب یہ سفر چند منٹوں میں طے نہیں ہوتا‘ اﷲ کی ذات پر اعتماداور خود اپنی ذات پر اعتماد سے انسانی ذہن سے فرسودہ‘ مایوسی بھرے ،بے ڈھنگے ‘ٹینشن زدہ خیالات آہستہ آہستہ غائب ہونے لگتے ہیں اور ان کی جگہ مثبت خیالات ابھرتے ہیں اور یہی مثبت سوچ انسان کو کامیابی اور خوشی کے راستے پر گامزن کردیتی ہے
:روزمرہ کے معاملات میں
روزمرہ کے معاملات میں‘ جب مشکلات انسان کو ہر طرف سے شکنجہ میں جکڑ لیتی ہیں .اور امید کی کوئی راہ نظر نہیں آتی تو انسان اپنی ہی ذات پر شک کرنا شروع کردیتا ہے .اور یہی شک اعتماد کی ضد ہے۔ایسے میں انسان خوردبین سے اپنے مسائل کو دیکھتا ہے .اور اسے چھوٹے سے چھوٹا مسئلہ بھی پہاڑ کی مانند نظر آتا ہے۔ اﷲ کی ذات قادر پر اعتماد‘اﷲ کی عطا کردہ زندگی پر اپنی صلاحیتوںپر اعتماد یہ خوردبین‘ دوربین میں بدل جاتی ہے. اور جب ایک انسان وسیع النظری سے اپنے معاملات اور مسائل کا جائزہ لیتا ہے. تو حالات یکسر مختلف نظر آتے ہیں۔
اسے مسائل سے نمٹنے کے نئے نئے طریقے سوجھتے ہیں .اور جب انسان عمل پر جُت جاتا ہے.اس میں ایک نیا جوش‘ ایک ولولہ ابھرتا ہے.جو بڑے بڑے کام کروانے میں انسان کی مدد کرتا ہے۔اس کتاب کا ایک مکمل باب ڈپریشن سے متعلق ہے. جس میں مصنف اس عمومی مرض کے متعلق سائنسی اور مذہبی بصیرت فراہم کرتا ہے۔ اس کی وجوہات‘ تدارک اور علاج کی بابت بات کرتا ہے۔
اگر میں اس کتاب کو صرف ایک لائن میں بیان کرنے کی کوشش کروں تو وہ کچھ یوں ہوگی۔’’زندگی سے بھرپور‘ حرکت اور عمل پر اُکسانے والی کتاب‘‘