اس کتاب کے مصنف جو جیراڈ
Joe Girard
کا نام گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں دنیا کے سب سے عظیم سیلز مین کے طور پر درج ہے۔ جوجیراڈ نے اپنے سال ہا سال کے تجربے کو اس کتاب میں سمو دیا ہے۔ کتاب کا نام ہے
How To Sell Anything To Anybody
سیلز کے شعبے سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے اس کتاب کی حیثیت ایک خزانے کی سی ہے کیونکہ یہ کتاب کسی پیشہ ور مصنف کی لکھی ہوئی نہیں بلکہ موجودہ دنیا کے تسلیم شدہ سب سے عظیم سیلز مین کے تجربات کا نچوڑ ہے۔ وطن عزیز میں موجود سیلز مین حضرات کے فائدے کے لیے اس کتاب کو بامحاورہ اور آسان زبان میں ترجمہ کیا گیا ہے تاکہ زیادہ زیادہ لوگ اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔
یاد رکھیں کہ سیلز کا میدان ایسا شعبہ ہے جس میں ترقی اور بہتری کے لا محددود امکانات پائے جاتے ہیں۔ سیلز مین حضرات اپنی خدمات کی وجہ سے ملکی معیشت کا پہیہ رواں دواں رکھتے ہیں۔ کسی بھی کاروبار میں سیلز مین حضرات کی حیثیت ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہوتی ہے۔ دنیا کی تمام بہترین کمپنیاں بہترین سیلز مین حضرات کو اپنا حصہ بنانا چاہتی ہیں کیونکہ یہی بہترین سیلز مین کمپنی کو بہترین بنائے رکھتے ہیں۔انہی باتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اس صدی میں پوری دنیا میں سیلز کے شعبے کو خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ کالجز اور یونیورسٹیوں میں ایسے مضمون پڑھائے جارہے ہیں اور ایسی ڈگریاں آفر کی جا رہی ہیں جو بہتر سیلز پروفیشنلز پیدا کر سکیں۔
روایتی تعلیمی اداروں کی تعلیم کے ساتھ غیر روایتی طور طریقوں کے ذریعے بھی سیلز مین حضرات کی تربیت کا انتظام کیا جاتا ہے۔ مختلف سیمینارز اور تربیتی نشستوں کے ذریعے سیلز مین حضرات کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی کوششیں کی جاتی ہیں۔ اس موضوع پر دنیا کی بہترین کتب کا خزانہ بھی موجود ہے جو اس کام میں کامیابی کے متلاشیوں کی مدد کرتا ہے۔
اداروں کے علاوہ خودسیلزمین حضرات کو اپنے پیشے کی اہمیت اور وقار کا اندازہ ہو چکا ہے لہٰذا وہ خود بھی ایسی کتب اور سیمینارز کی تلاش میں رہتے ہیں جن کی مدد سے وہ اپنی سیلز کارکردگی کو بڑھا سکیں۔ اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ انہیں اس بات کا بخوبی اندازہ ہے کہ زیادہ سیلز کا مطلب زیادہ آمدنی ہے۔ وہ جتنی زیادہ سیلز کریں گے اتنی ہی بہتر زندگی اور آسائشات سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
اسی لیے یہ کتاب ان افراد کے لیے ایک خزانہ کی حیثیت رکھتی ہے جو سیلز کے میدان میں کامیابیوں کے جھنڈے گاڑنا چاھتے ہیں۔