فرائڈ کے مضامین.
ترجمہ ڈاکٹر ثوبیہ طاہر.
کتاب کا تعارف.
بنیادی طور پر یہ مضامین فرائڈ کے وسیع تر اور اطلاقی نظریات کا نتیجہ ہیں جن میں اس نے تحلیلِ نفسی کی طویل تحقیق سے ثابت ہونے والے نتائج کا اطلاق نفسیات کے علاوہ زندگی کے بعض دیگر شعبوں پر بھی کیا ہے جن میں مذہب، معاشرت، بشریات، ادب اور فلسفہ شامل ہیں.
زیرِ نظر کتاب کے پہلے تین مضامین یعنی "ایک فریب کا مستقبل"، ٹوٹم اینڈ ٹیبو" اور" موسیٰ اور مذہبِ توحید" خالصتاً فرائڈ کے مذہبی نظریات کا احاطہ کرتے ہیں.
" گروپ سائیکالوجی اور ایگو کا تجربہ" ایک طویل مضمون ہے. اس میں فرد کی نفسیات کا اطلاق گروہ پر کر کے دور رس نتائج اخذ کئے گئے ہیں۔
اس میں فرائڈ نے تنویم، اثر پزیری اور عشق کا باہمی ربط جس قدر دلکش پیرائے میں بیان کیا ہے وہ اس تحریر کو نفسیات کے دائرے سے نکال کر ادبِ عظیم کے درجے پر فائز کرنے کے لئے کافی ہے۔ خاص طور پر اس کا یہ کہنا کہ سماجی انصاف کا مقصد دوسروں کو یکساں حقوق دلانا نہیں بلکہ بہت سی ایسی مراعات سے محروم رکھنا ہے جنہیں ہم خود نہیں پا سکتے.
"جنگ اور موت سے متعلق کچھ خیالات" پر مبنی مضمون پہلی جنگ عظیم کے دوران تحریر کیا گیا جس میں جنگ کے دوران انسان کی اخلاقی گراوٹ کی نفسیاتی وجوہ بیان کی گئی ہیں۔
اس سلسلے کا آخری انتخاب یعنی "جنگ کیوں" فرائڈ اور آئن سٹائن کی باہمی خط و کتابت پر مشتمل ہے۔
کتاب کے ابتداء میں فرائڈ کا مختصر سوانخی خاکہ اور عمومی خیالات کا مجموعی جائزہ پیش کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر ثوبیہ طاہر