کامیابی ممکن ہے
دنیا میں موجود ہر شخص کامیاب ہونا چاہتا ہے مگر بعض اوقات اسے صحیح راستہ نہیں ملتا یا وہ خودمیں اتنی ہمت نہیں پاتاکہ کسی بڑی اور عظیم منزل کامسافربن سکے۔لوگوںکی اس مد میں راہنمائی کے لیے میں کامیابی کے موضوع پر اب تک ہزاروں سیمینارز کروا چکا ہوں اور لاکھوں لوگوں تک اپنا پیغام پہنچا چکا ہوں۔ اب کامیابی کے اس پیغام کو کتابی شکل میں آپ تک پہنچانے کا بیڑا اٹھایا ہے تاکہ دور دراز کے لوگ بھی اس سے فائدہ اٹھا سکیں ۔
آگے بڑھنے سے پہلے یہاں ایک غلط فہمی کا ازالہ کر دینا بھی مناسب ہو گا۔ یاد رہے کہ کامیابی ہر فرد کے لیے ایک سی نہیں ہوتی۔ اس کا مفہوم یا مطلب مختلف افراد کے لیے مختلف ہو سکتا ہے۔ مثلاًکسی کے لیے مال و دولت کامیابی ہے تو کسی کے لیے قوت و اختیار…کسی کے لیے گھریلو سکون توکسی کے لیے شمع محفل بننا … کسی کے لیے اچھی ملازمت تو کسی کے لیے اچھا کاروبار…کسی کے لیے اپنی تعلیم تو کسی کے لیے اپنے بچوں کی تعلیم…حتیٰ کہ کسی کے لیے یہ دنیا تو کسی کے لیے وہ دنیا۔ لہٰذا اس کتاب میں کسی ایک قسم کی کامیابی کی بات نہیں کی جائے گی بلکہ ان بنیادی خصوصیات کی بات کی جائے گی جو کامیاب ہونے میں ممد و معاون ثابت ہوتی ہیں۔ تا کہ آپ ان خصوصیات کو اپنا کر نہ صرف ایک کامیاب زندگی جی سکیں بلکہ اپنی اخروی زندگی کے لیے بھی توشہء آخرت جمع کر سکیں۔
بلا شبہ تاریخ عالم ایسے افراد اور ان کے کارناموں سے مزین ہے جنہوں نے دنیا پر گہرے نقوش چھوڑے اور تاریخ کے دھارے کو بدل ڈالا۔ یہ اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ صلاحیتوں کو بہتر طور پر استعمال کرنے والے غیر معمولی لوگ ہیں۔ان سب میں کچھ ایسی خصوصیات تھیں جنہوں نے انہیں عام انسانوں کی صف سے نکال کرخاص افراد کی صف میں لا کھڑا کیا۔جب ان شخصیات کا مطالعہ کیا گیا تو ان میں کچھ ایسی مشترک خصوصیات پائی گئیں جنہوں نے انہیں کامیابی کی بلندیوں تک پہنچا دیا۔ اس کتاب میں انہی خصوصیات کا ذکر کیا گیا ہے جو کسی بھی عام انسان کو خاص بنا سکتی ہیں۔ یہی وہ خصوصیات ہیں جو آپ کے سفر کامیابی میں آپ کا زاد راہ ثابت ہوں گی